29ستمبر کی ریلی منظم اور پرامن ہوگی مفتی منیب الرحمن

عوام محبت رسولؐؐ سے سرشار ہوکر اور وضو کرکے درودِ پاک پڑھتے ہوئے ریلی میں شریک ہوں۔


Staff Reporter September 24, 2012
عوام محبت رسولؐؐ سے سرشار ہوکر اور وضو کرکے درودِ پاک پڑھتے ہوئے ریلی میں شریک ہوں۔ فوٹو: فائل

مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن نے اپیل کی ہے کہ اہلسنت و جماعت ہفتہ 29 ستمبر کی تاریخی ریلی کیلیے مکمل تیاری کریں۔

0ہماری ریلی2006 کی طرح انشااللہ منظم اور پرامن ہوگی، سب لوگ محبت رسولؐؐ سے سرشار ہوکر اور باقاعدہ وضو کرکے ریلی میں شریک ہوں، کسی کے ہاتھ میں کوئی پتھر، لاٹھی، ڈنڈا یا کسی بھی قسم کا ہتھیار نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی ملک یا سیاسی تنظیم کا جھنڈا یا پتلا کسی کے پاس نہ ہو، نہ ہی کوئی چیز جلائی جائے، درودِ پاک پڑھتے ہوئے آئیں اور لبیک یارسول اللہ ﷺ کی صداؤں سے فضا کو منور اور معطر رکھیں اور اپنے دلوں کو محبت مصطفیٰؐ کے نور سے منور رکھیں، عظمت مصطفیؐ اور ناموسِ مصطفیؐ کے پرچم کو سربلند رکھنا ہمارا ایمان اور عقیدہ ہے اور اس مشن پر زندگی بھر کار بند رہیں گے۔

انھوں نے تمام ائمہ وخطبا، مساجد کے منتظمین اور دینی سیاسی وسماجی تنظیمات کو ہدایت کی کہ وہ ریلی کی انتظامی کمیٹی کے ساتھ مستقل رابطے میں رہیں، انتظامی کمیٹی میں علامہ رضوان نقشبندی، صاحبزادہ ریحان امجد نعمانی ودیگر شامل ہونگے، اپنے بیان میں مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ جمعہ کے دن ملک بھر میں جو تخریب کاری اور فساد برپا ہوا، انسانی جانوں اور اَملاک کو تلف کیا گیا، گھیراؤ جلاؤ کے واقعات ہوئے، یہ سب تحریک ناموسِ رسالتؐ کو سبوتاژ کرنے کی سازش تھی، اُنھوں نے اس عزم کا اظہارکیا کہ انشااللہ منظم اور پُرامن تحریکِ تحفظ ناموسِ مصطفی ''لبیک یار سول اللہﷺ'' کی صداؤں میں جاری رہے گی۔