
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی مداخلت اور احکامات پر اپوزیشن کے گرفتار ہونے والے 9 اراکین کو پولیس نے رہا کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن اراکین حسب معمول نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا۔
اپوزیشن نے کچھ دیر اسپیکر کے سامنے کھڑے ہوکر ٹوکن احتجاج کیا اور پھر اراکین اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کے 9 اراکین اسمبلی کے خلاف ایف ائی ار رکوا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں مجتبی شجاع الرحمان کو گرفتار ایم پی ایز کو رہا کروا کر اسمبلی میں لانے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں اسپیکر کی ہدایت پر پولیس نے حکومت وفد کے پہنچنے پر اپوزیشن کے 9 اراکین کو رہا کیا۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے رہائی کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ اس قسم کی گرفتاریاں ہمیں اور ہمارے حوصلے اور ایمان مضبوط کریں گی۔ ہم خان کے ساتھ اور خان کے نظریے کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔