پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز: ون ڈے میں کس کا پلڑا بھاری ہے؟

قومی ٹیم نے 3 ایک روزہ میچز کیلئے ٹرینیڈاڈ میں ڈیرے ڈال دیے


ویب ڈیسک August 06, 2025

کراچی:

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی 20 سیریز میں فتح کے بعد پاکستان ٹیم کی توجہ ون ڈے کرکٹ پر مرکوز ہوگئی۔

 قومی کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچز کیلئے ٹرینیڈاڈ میں ڈیرے ڈال دیے ہیں، بدھ کو برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم میں آپشنل ٹریننگ سیشن ہوگا، کپتان محمد رضوان اور بابراعظم آنے والے مقابلوں میں توجہ کا مرکز ہوں گے، مجموعی طور پر 50 اوورز کے میچز میں ویسٹ انڈیز کو برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو لاؤڈرہل امریکا میں کھیلی گئی 3 ٹی 20 میچز کی سیریز میں 1-2 سے مات دی، اب ٹیم کی توجہ ون ڈے کرکٹ پر مرکوز ہے جس میں قیادت محمد رضوان سنبھالیں گے، سینئر بیٹر بابراعظم بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

 دونوں ٹی 20 سیریز کا حصہ نہیں تھے،  3 ایک روزہ میچز کیلیے پاکستانی ٹیم نے ٹرینیڈاڈ میں ڈیرے ڈال دیے جہاں کھلاڑی بدھ کو برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم پر آپشنل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے، سیریز کا آغاز جمعے کو ہوگا۔

پاکستان نے ایک روزہ میچز کیلیے آخری بار کیریبیئن جزائر کا دورہ 2017 میں کیا تھا، تب پہلے میچ میں 4 وکٹ سے شکست کے بعد گرین شرٹس نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرے میچ میں 74 رنز اورتیسرے میں 6 وکٹ سے فتح حاصل کرکے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی تھی، اس وقت ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے سنبھالی ہوئی تھی۔

ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مجموعی طور پر 137 میچز کھیلے گئے ہیں، ان میں سے کیریبیئن سائیڈ نے 71 جبکہ گرین شرٹس نے 63 میں کامیابی حاصل کی، 3 میچز ٹائی ہوئے۔

مقبول خبریں