
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعظم سواتی نے کہا ہے کہ اگر کسی نے 14 اگست کو احتجاج کا کہا یے بلکل غلط کہا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کس نے کہا ہے 14 اگست کو احتجاج ہوگا، اگر کسی نے 14 اگست کو احتجاج کا کہا یے بلکل غلط کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی آزادی کا اور یکجہتی کا دن ہے، اس دن کو آزادی پورے جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے۔
اعظم سواتی نے کہا کہ چودہ اگست قائد اعظم کی فتح کا دن ہے، اس پر احتجاج نہیں کریں گے۔
بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت
پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا نام ای سی ایل اور پی سی ایل سے نکالنے کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست پر سماعت جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے کی۔
وکیل درخواست گزار علی عظیم افریدی ایڈوکیٹ نے کہا کہ 13 اگست کو صبح 9 بجے درخواست گزار کی فلائٹ ہے، درخواست گزار کا نام لسٹ میں ہے، اس وجہ سے سفر نہیں کرسکتے، عدالت نے نام نکالنے کا حکم دیا لیکن ان کو ائیرپورٹ پر جانے نہیں دیا گیا۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار کا نام اب کسی لسٹ میں نہیں ہے، ان کا نام نکال دیا ہے، جسٹس سید ارشد علی نے استفسار کیا کہ اب یہ بیرونی ملک سفر کرسکتے ہیں؟ نمائندہ ایف آئی اے نے جواب دیا کہ ان کا نام کسی لسٹ میں نہیں ہے، یہ سفر کرسکتے ہیں۔
اعظم سواتی کا نام لسٹ سے نکالنے پر عدالت نے درخواست نمٹا دی۔