خیبرپختونخوا کے دو اضلاع ٹانک اور شمالی وزیرستان سے بیک وقت پولیو کے دو نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبے میں اس سال پولیو کیسز کی تعداد 15 ھو گئی ہے۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد میں قائم ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے خیبر پختونخوا میں پولیو کے دو نئے کیسز کی تصدیق کی ھے۔
ضلع ٹانک کی یونین کونسل مولازئی میں 16 ماہ کے عمر کی ایک بچی اور ضلع شمالی وزیرستان کی یونین کونسل میران شاہ میں دو سال کے عمر کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ھوئی ھے۔
اس طرح اس سال خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی تعداد 15 ھو گئی, جن میں ضلع بنوں،لکی مروت، ٹانک اور شمالی وزیرستان سے تین، تین، جبکہ ضلع تورغر, ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہستان لوئر سے ایک ایک کیس شامل ھے۔
اس سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد اب 23 ھو گئی جن میں خیبرپختونخوا سے 15 پولیو کیسز کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ سندھ سے 6 جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک پولیو کیس رپورٹ ھوا.
دوسری جانب پشاور میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم یکم ستمبر سے شروع ہوگی۔ ڈویژنل ٹاسک فورس کے تحت انسداد پولیو مہم کے لیے تیاریاں مکمل کری گئیں ہیں۔
پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز کو ازخود پولیو مہم کی نگرانی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
کمشنر پشاور کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے فل پروف انتظامات اور انسداد مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔