سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام


ویب ڈیسک September 03, 2025

سابق سینیٹر بہرہ مند تنگی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، آئے روز ایسے واقعات ہو رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ اس کا مل بیٹھ کر حل نکالا جائے، روزانہ کی بنیاد پر سکیورٹی اہلکار اور سویلین نشانہ بن رہے ہیں، یہ کسی فرد یا جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے، سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر سنجیدگی سے اس پر غور کرنا چاہئے، یہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، اس آپریشن میں افواج پاکستان، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، قدرتی آفات سے بچائو کے اداروں، این جی اوز اور سول سوسائٹی سمیت جس نے بھی حصہ لیا اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکرگزار ہیں کہ وہ خود متاثرہ علاقوں میں آئے، سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان بونیر میں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بھی سیلاب متاثرین کی ہر طرح سے مدد کر رہے ہیں، خیبرپختونخوا میں متاثرہ علاقوں میں موجود رہے اور مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے، ہم نے خیبرپختونخوا میں متاثرہ علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے این ایچ اے کے ذریعے سڑکوں کو بحال کیا ، بجلی کے درہم برہم نظام کو بحال کیا، وزیراعظم کی اس حوالہ سے واضح ہدایات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر بجلی نے ملک بھر سے عملہ بلا کر یہاں پر بجلی کا نظام بحال کیا، وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں شہید ہونے والوں کے ورثا کیلئے 20، 20 لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے جس کی ادائیگی کی جا رہی ہے اور یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ تمام متاثرین کو یہ امداد دی جائے گی۔

مقبول خبریں