قومی شاہراہ بائی پاس پر تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سوئے ہوئے افراد کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ افسوس ناک حادثہ اُس وقت پیش آیا جب سبزی سے بھرا ٹرک اچانک بے قابو ہو کر سڑک کنارے سوئے مزدوروں پر چڑھ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس پہنچی، جہاں سے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال شکارپور منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ ٹرک کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی وجوہات پر حتمی رائے دی جا سکے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شکارپور حادثے میں مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تیز رفتاری کے مرتکب ڈرائیور اور ٹرک مالک کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کردی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کےلیے بلند درجات اور لواحقین کےلیے صبر کی دعا کی۔