پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم شہدا لاہور کے داخلی اور خارجی راستے سیل

قرآن خوانی اوت فاتحہ خوانی کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری یوم انقلاب سے متعلق اعلان کریں گے۔


ویب ڈیسک August 10, 2014
یوم شہدا کے موقع پر لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے فوٹو: ایکسپریس

پاکستان عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن اور آپریشن ضرب عضب میں شہید پاک فوج کے جوانوں کی یاد میں آج یوم شہدا منارہی ہے جبکہ انتظامیہ نے لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کردیئے ہیں۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے قریب میدان میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے کرسیاں نہیں لگائی جاسکیں، یوم شہدا کی مرکزی تقریب کا اہتمام منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں کیا گیا ہے، جب کہ منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر سڑک پر خواتین کی بڑی تعداد موجود ہیں جو نماز فجر کے بعد سے ہی وقفے وقفے سے قرآن خوانی اور تسبیحات میں مشغول ہیں۔ اس کے علاوہ سیاسی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد کی آمد بھی جاری ہے۔ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ نماز عصر تک جاری رہے گا جس کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری یوم انقلاب سے متعلق اعلان کریں گے۔

یوم شہدا کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں اور عوام کی شرکت کو روکنے کے لئے لاہور کے داخلی وخارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔ شیخوپورہ روڈ، پرانا راوی پل، راوی ٹول پلازہ، سگیاں پل، ٹھوکر نیاز بیگ اور شیرا کوٹ کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن کے راستوں کو بھی کنٹنیرز لگا کر بند کردیا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ان علاقوں کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار بہادری سے اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں، فیصل ٹاؤن اور ماڈل ٹاؤن میں عوام کی سہولت کے لئے آمدو رفت کے راستے رکھے ہیں جس کے بارے میں اخبارات کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جارہا ہے۔

مقبول خبریں