سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے این اے 18 ہری پور میں عمر ایوب کی اہلیہ کو پی ٹی آئی ٹکٹ دینے کے معاملے پر کہا ہے کہ کچھ معاملات مقامی سطح کے ہیں، عمر ایوب کا حلقہ پورے پاکستان کا سب سے بڑا ہے، عمر ایوب کی اہلیہ گزشتہ 20 سالوں سے وہاں بطور سیاسی ورکر کام کررہی ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمر ایوب کی اہلیہ کو ٹکٹ دینا اقربا پروری نہیں، کچھ معاملات مقامی سطح کے ہیں، عمر ایوب کا حلقہ پورے پاکستان کا سب سے بڑا ہے، عمر ایوب کی اہلیہ گزشتہ 20 سالوں سے وہاں بطور سیاسی ورکر کام کررہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں کہ عمر ایوب کی اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں یا ان کو مسلط کیا جارہا ہے، علاقے کی سیاست عمر ایوب کی اہلیہ دیکھتی ہیں اور وہ سیاسی کارکن کی تعریف پر پورا اترتی ہیں، عمر ایوب کی اہلیہ کا حق بنتا تھا جسے پارٹی نے تسلیم کیا۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عمر ایوب نے 9 مئی کیسز میں اپنی نااہلی کی سزا تسلیم کرلی؟
اس پر انہوں نے جواب دیا کہ میری عمر ایوب یا انکے وکیل سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، اسکے کیا محرکات ہیں میں نہیں جانتا، مجھے علم نہیں ہے انھوں نے ایسا کیوں کیا اس لیے اس پر بات نہیں کروں گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے میڈیا سے گفتگو میں سوال کیا گیا کہ کیا عمر ایوب کی 9 مئی مقدمات کی 5 سال کی نااہلی حتمی ہوچکی؟
اس پر انہوں نے جواب دیا کہ عمر ایوب کی نااہلی کیخلاف کیس پشاور ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے، ہماری نااہلی کی اپیل پر سما دونوں فریقین کی باہمی رضامندی سے ملتوی کیا گیا، ہمیں پشاور ہائی کورٹ سے ریلیف ملے گا۔