پشاور:
کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں نجی بینک ملازم کے جسمانی ریمانڈ میں عدالت نے توسیع کردی۔
اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں گرفتار نجی بینک ملازم کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جج محمد ظفر نے ملزم کو تفتیش کے لیے مزید سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم خالد احمد اپرکوہستان کا ہے ۔ ملزم داسو اپر کوہستان کے ایک نجی بینک میں ملازم ہے۔ ملزم نے ایک نجی کنسٹرکشن کمپنی کے نام پر اکاؤنٹ کھول دیا تھا ، جس میں 55 ملین روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے ۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم کو تفتیش کے لیے کئی بار طلب کیا گیا لیکن تفتیش میں شامل نہیں ہوا ۔ ملزم قصداً تفتیش میں شامل نہیں ہورہا تھا ۔ جس کے بعد ملزم کو حراست میں لیا اور عدالت سے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا ۔ دوران تفتیش ملزم نے کچھ اہم انکشافات کیے ہیں ۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم سے مزید تفتیش کی ضرورت ہے، لہٰذا جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے ۔ جس پرعدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 دن کی توسیع کردی۔