سوشل میڈیا گروپس سے غیرملکیوں کو نکالنے کی ہدایت؛ پی ٹی اے نے وضاحت دے دی

ہدایات پر عمل نہ کرنے والے گروپ ایڈمنز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، وائرل نوٹیفکیشن


ویب ڈیسک December 03, 2025
فوٹو فائل

پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک نوٹیفکیشن وائرل ہورہا ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرملکی افراد کو پاکستانی سوشل میڈیا گروپس سے نکالنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

وائرل پوسٹ میں کہا گیا کہ موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال اور آن لائن صارفین کے ڈیٹا کے پیشِ نظر یہ اقدام ضروری ہے، اور ہدایات پر عمل نہ کرنے والے گروپ ایڈمنز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تاہم، پی ٹی اے نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے اور ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن مکمل طور پر جعلی ہے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ اس نے سوشل میڈیا گروپ ایڈمنز کو کسی بھی غیرملکی ممبر کو نکالنے کی ہدایت نہیں دی۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ معلومات کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور سوشل میڈیا پر صرف اتھارٹی کے سرکاری ذرائع سے مستند اپڈیٹس پر بھروسہ کریں۔

مقبول خبریں