ایران میں بغیر حجاب خواتین کا میراتھون ایونٹ، منتظمین گرفتار

اس میراتھن میں دو ہزار خواتین اور تین ہزار مردوں نے الگ الگ حصہ لیا تھا


ویب ڈیسک December 07, 2025

ایران میں خواتین کی بغیر حجاب میراتھن میں شرکت پر حکام نے میراتھن کے دو منتظمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق گرفتاری اُس وقت عمل میں آئی جب جنوبی ایران کے ساحل کے قریب واقع جزیرہ کِش میں ہونے والی میراتھن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جن میں متعدد خواتین کو بغیر حجاب دوڑ میں شریک دیکھا گیا۔

اس میراتھن میں دو ہزار خواتین اور تین ہزار مردوں نے الگ الگ حصہ لیا تھا۔ تصاویر میں کئی خواتین سرخ شرٹس پہنے بغیر حجاب دوڑتی نظر آئیں جبکہ بعض نے سر بھی نہیں ڈھانپا ہوا تھا، جس کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔

تبدیلی کے حامی ایرانی شہریوں نے اسے خواتین کی جانب سے سرکاری پابندیوں کے خلاف ایک بہادرانہ قدم قرار دیا، جبکہ حکام کے مطابق یہ اقدام بنیادی قوانین کی خلاف ورزی اور موجودہ نظام کے لیے چیلنج ہے۔

ایرانی عدلیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نہ صرف حجاب قانون کی خلاف ورزی قابل اعتراض ہے بلکہ اس بات پر بھی سوال اٹھتا ہے کہ ایسی میراتھن کے انعقاد کی اجازت کیوں دی گئی۔

واضح رہے کہ ایران میں عوامی مقامات پر خواتین کا سر ڈھانپنا لازمی ہے، اور 2022 میں مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد ملک بھر میں شدید مظاہرے پھوٹ پڑے تھے جن میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مقبول خبریں