پاکستان کے معتبر علماء نے قوم کو تقسیم کرنے والے فتنہ پرور بیانیوں کے بارے میں اسلام کی روشنی میں واضح رہنمائی فرما دی۔
پاکستان کے معروف عالمِ دین مولانا مقصود قاسم قاسمی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس ملک کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے، جو لوگ ملک کے اندر فساد اور جھوٹ پر مبنی انتشار پھیلانا چاہ رہے ہیں، ان کو روکنا ناگزیر ہے۔
مولانا مقصود قاسم قاسمی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا اور انتشار پھیلانے والوں سے بھی گزارش ہے کہ انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ قوموں کی تعمیر اور ترقی سچائی پر منحصر ہوتی ہے، سچی قومیں سرخرو ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم (ص) کے فرامین کے مطابق بھی کامیابی ہمیشہ سچائی میں ہے اور جھوٹ ہلاکت اور ذلت کی طرف لے جاتا ہے، تباہی اور انتشار پر مبنی جھوٹے بیانیوں اور پروپیگنڈا کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے۔
مولانا مقصود قاسم قاسمی کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ جب انتشار پھیلانے والوں کی اصلاح کی جاتی ہے تو یہ اعتراف نہیں کرتے، قرآن نے زمین پر فساد پھیلانے والوں کی سخت مذمت کی ہے۔