سیکیورٹی فورسز کا قلات میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشتگرد ہلاک

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا


ویب ڈیسک December 07, 2025

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 6 دسمبر کو قلات میں فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، فورسز نے موٴثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 ہندوستانی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز ’’عزم استحکام‘‘ ویژن کے تحت دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے مہم پوری رفتار سے جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج  پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قلات میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی میں 12 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ ریاست پاکستان ہر قیمت پر امن دشمنوں کو انجام تک پہنچانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، قوم کا عزم فتنۃ الہندوستان کی ہر سازش کو ناکام بنائے گا۔

صدرِ مملکت نے قلات میں جاری کلیئرنس اور سینیٹائزیشن اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مقبول خبریں