جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے 9 برس بیت گئے

معروف نعت خواں 2016 میں حویلیاں کے قریب المناک فضائی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے


ویب ڈیسک December 07, 2025

کراچی:

معروف نعت خواں اور سابق پاپ گلوکار جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے آج نو سال گزر گئے۔

 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہونے والے جنید جمشید نے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی مگر موسیقی کے میدان میں قدم رکھتے ہی غیر معمولی شہرت حاصل کی۔

ان کے پہلے ہی البم نے انہیں بلندیوں تک پہنچا دیا جبکہ ان کا مقبول گیت دل دل پاکستان ملک بھر میں ان کی پہچان بن گیا۔

شہرت کے عروج پر 2004 میں انہوں نے موسیقی کو خیرباد کہہ کر خود کو دین کی خدمت اور تبلیغ کے لیے وقف کر دیا۔ 2005 میں انہوں نے اپنا پہلا نعتیہ البم ریلیز کیا جو بے حد پسند کیا گیا۔ 2014 میں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا۔

مذہبی رجحان کے ساتھ جنید جمشید نے کاروباری میدان میں بھی قدم رکھا اور "جِے ڈاٹ (َ.J)" کے نام سے لباس کا برانڈ متعارف کرایا جو دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان کے کامیاب برانڈز میں شامل ہوگیا۔

7 دسمبر 2016 کو جنید جمشید حویلیاں کے قریب المناک فضائی حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے لیکن ان کی آواز، شخصیت اور پیغام آج بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

مقبول خبریں