لاہور ہائیکورٹ نے انجینئر محمد علی مرزا کی درخواست پر ڈی جی ایف آئی اے اور چیئرمن پنجاب قرآن بورڈ سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس شہرام سرور نے انجینئر محمد علی مرزا کی ایف آئی اے کی تحقیقات کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں ایف آئی اے اور پنجاب قرآن بورڈ کو فریق بنایا گیا ہے۔
انجینئر مرزا محمد علی نے ایڈووکیٹ نبیل جاوید کاہلوں کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ ایف آئی اے نے درخواست گزار کو نوٹس جاری کیے بغیر تحقیقات شروع کر دی ہیں، ایف آئی اے نے سوشل میڈیا سے ویڈیو پر فتویٰ کے لیے پنجاب قرآن بورڈ بھجوا دی اور پنجاب قرآن بورڈ نے پرانی ویڈیو پر درخواست گزار کو گناہ گار قرار دے دیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ پنجاب قرآن بورڈ کو کسی طرح کا فتویٰ جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے، پنجاب قرآن بورڈ صرف قرآن پاک کی اشاعت کو دیکھتی ہے۔
انجینئر مرزا محمد علی نے درخواست میں استدعا کی کہ عدالت درخواست گزار کے خلاف جاری فتویٰ کو کلعدم قرار دے کر تحقیقات ختم کرنے کا حکم دے۔