کیا ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے؟ وزیراعلیٰ پنجاب کا حکم نامہ سامنے آگیا

ٹریفک قوانین وقتی طور پر معطل ہونے سے شہریوں کو جرمانہ یا کارروائی نہیں ہوگی، پوسٹ میں دعویٰ


ویب ڈیسک December 08, 2025

سوشل میڈیا پر چند روز سے یہ دعویٰ گردش کررہا تھا کہ پنجاب میں ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ مختلف پوسٹس اور غیر مصدقہ پیغامات میں کہا گیا کہ حکومت نے ٹریفک قوانین کو وقتی طور پر معطل کردیا ہے، اس وجہ سے شہریوں کے لیے جرمانے یا کارروائی نہیں ہو گی۔

فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے۔ سرکاری سطح پر ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں ہوئی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد روکنے کی کوئی بات نہ کی گئی، نہ ہی اس بارے میں کوئی نوٹیفکیشن موجود ہے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ’’پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آج ایک مرتبہ پھر ہدایت جاری کی کہ پورے صوبے میں ٹریفک قوانین پر موثر اور سخت عمل درآمد ہو۔ ان کے مطابق قوانین کو نظر انداز کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، اور کسی بھی سطح پر نرمی یا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا، کیونکہ یہ عوام اور ان کے بچوں کی جانوں کا معاملہ ہے‘‘۔

وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں کو اہداف مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ قوانین پر عمل ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی تاکہ ڈرائیوروں اور شہریوں تک صحیح معلومات پہنچ سکیں۔

جہاں سوشل میڈیا پر غلط معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں، وہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل بدستور جاری ہے، اور صوبائی حکومت کی جانب سے اس میں کسی قسم کی نرمی یا توقف کے کوئی آثار نہیں ملتے۔

ٹریفک آرڈیننس پر عمل روکنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے، سرکاری موقف واضح ہے کہ قوانین پر سخت عمل درآمد جاری رہے گا۔
 

مقبول خبریں