سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس آئی ایف سی کی جامع حکمتِ عملی کی وجہ سے پاکستان میں کاروباری مواقع اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں وسعت آ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مثبت رجحان ہے اور عالمی کمپنیوں کی دلچسپی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سات ماہ کے دوران 14 بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں رجسٹریشن مکمل ہوئی ہے، جن میں چین، ڈنمارک، ہانگ کانگ، جاپان، سنگاپور، اسپین، ترکی، امریکہ، یو اے ای سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں شامل ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین 67 فیصد کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، سروسز اور تجارت کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 618 نئی کمپنیوں میں مجموعی طور پر ایک ارب دس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان میں آمد اقتصادی صلاحیت پر اعتماد کی عکاس ہے اور یہ اقدام پاکستان کی اقتصادی ترقی اور کاروباری ماحول کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
ایس ای سی پی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں روزگار کے انگنت مواقع پیدا ہوں گے اور صنعتی ترقی میں عالمی شراکت داری کو نئی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کاروباری توسیع، سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے۔