تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپیں شروع

دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر امریکی صدر کی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے


ویب ڈیسک December 09, 2025

تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان ایک بار پھر جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں اور لڑائی میں اب تک دس افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ترجمان تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا کی فوج نے رات بھر شیلنگ اور بمباری جاری رکھی جس میں مزید دو شہری ہلاک ہوگئے ہیں ۔حملوں میں اب تک سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔

ترجمان تھائی فوج کا کہنا ہے کہ کمبوڈین ملٹری نے ہتھیار اور فوجیوں کی تعیناتی میں اضافہ کر دیا ہے ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری فوج کی جانب سے بھی کمبوڈین حملے کا بھرپور جواب دیا گیا ہے ۔

دوسری جانب کمبوڈیا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے تھائی فوج کی جانب سے کمبوڈیا پر حملے کیے گئے جس میں اب تک تین فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

تازہ جھڑوپوں میں تھائی لینڈ کے 2 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ کمبوڈیا نے سرحد کے قریب تمام اسکولوں کو عارضی طور پر بند کردیا، سرحدی علاقوں سے ہزاروں شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی۔

دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تازہ جھڑپوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طرفین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملائیشیا میں ہونے والی آسیان سمٹ کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کروایا تھا جس پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے باقاعدہ دستخط بھی کیے تھے۔

مقبول خبریں