پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا شہریوں کے مساوی حقوق کے لیے غیرمتزلزل عزم کا اظہار

انسانی حقوق ہر فرد کو کسی مراعات یا طاقت کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف انسان ہونے کے ناطے ملتے ہیں


ویب ڈیسک December 09, 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسانی حقوق کو جمہوریت کی روح قرار دیتے ہوئے ہر پاکستانی کے وقار، آزادی اور مساوی حقوق کے لیے اپنی جماعت کے غیرمتزلزل عزم کی تجدید کی ہے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ انسانی حقوق کا دن  مطالبہ کرتا ہے کہ  حقوق کو تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کیا جا ئے۔

انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق ہر فرد کو کسی مراعات یا طاقت کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف انسان ہونے کے ناطے ملتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زیرِ قیادت پارٹی کی  جدوجہد  کی تاریخی لیگیسی  کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام اداروں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ شہری آزادیوں کے محافظ بنیں، امتیاز کا خاتمہ کریں اور جامع معاشرتی و معاشی ماحول تشکیل دیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے، ہم قانون کی حکمرانی کو مضبوط کریں، آزادی کا تحفظ کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔

انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایکٹوسٹس  کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان کے حوصلے کو قوم کا ضمیر قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ایک ایسے حقوق پر مبنی اور انسان دوست پاکستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد، مزدور اور کمزور طبقات وقار، تحفظ اور مواقع کے ساتھ زندگی گزاریں۔

مقبول خبریں