پیراماؤنٹ کی وارنر بروس کو بڑی پیشکش، نیٹ فلکس کا سودا خطرے میں

نیٹ فلکس کا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں حد سے زیادہ اثر و رسوخ حاصل کرنا مسئلہ بن سکتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ


ویب ڈیسک December 09, 2025

ہالی ووڈ میں ایک نئی بڑی جنگ چھڑ گئی ہے کیونکہ پیراماؤنٹ نے وارنر برادرز ڈسکوری کو خریدنے کے لیے 30 ڈالر فی شیئر کی مکمل نقدی پر مبنی ٹینڈر آفر پیش کردی ہے۔

یہ پیشکش وارنر برادرز اور نیٹ فلکس کے درمیان طے پانے والے 28 ڈالر فی شیئر کے معاہدے کو چیلنج کرتی ہے جس نے گزشتہ ہفتے پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو حیران کردیا تھا۔

پیراماؤنٹ کی یہ جارحانہ پیشکش نیٹ فلکس کے مقابلے میں ایک بڑی مقابلہ آرائی کو جنم دے رہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ پیراماؤنٹ کے مالک لیری ایلیسن سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ہیں، جبکہ نیٹ فلکس دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ کمپنی بن چکی ہے۔

نیٹ فلکس کی جانب سے وارنر برادرز کو خریدنے کے معاہدے پر ہالی ووڈ کے کئی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا اور اسے صنعت کے مستقبل کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ وارنر برادرز کی خریداری سے نیٹ فلکس فلم اور ٹی وی مارکیٹ میں حد سے زیادہ اثر و رسوخ حاصل کر لے گا، جو ’مسئلہ‘ بن سکتا ہے۔

پیراماؤنٹ کے چیئرمین اور سی ای او ڈیوڈ ایلیسن نے سی این بی سی سے گفتگو میں کہا کہ کمپنی وہیں سے آگے بڑھنا چاہتی ہے جہاں سے سفر شروع کیا تھا، اور یہ وارنر برادرز کے لیے ان کی چھٹی باضابطہ پیشکش ہے۔

مقبول خبریں