بانی اور بہنوں کے متنازع بیان سے پی ٹی آئی کا اظہارِ لاتعلقی، ذاتی رائے قرار دے دیا

ملاقاتیں روکنے کی ذمہ داری ریاست کے کچھ حلقوں پر ہے، جنہوں نے اپریل میں فیصلہ کیا کہ ملاقاتیں نہیں ہونے دیں گے، گفتگو


ویب ڈیسک December 09, 2025

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی اور بہنوں کے حالیہ متنازع بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی لائن نہیں بلکہ اُن کا ذاتی مؤقف ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر دھرنے کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پہلے منگل کو باقاعدہ ملاقات ہوتی تھی تو ایک دو گھنٹوں میں معاملات نمٹ جاتے تھے، مذاکرات کا مطلب منت نہیں، بانی پی ٹی بالکل واضح ہیں اور انہیں اپنی آسائش کیلیے کوئی سہولت نہیں چاہیے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا حق ہے کہ بیٹے ان سے ملاقات کریں، بیٹیوں کو مقدمات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا جس کی قانونی اور اخلاقی طور پر کوئی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ اب نظام نے طے کیا ہے کہ تماشہ کھڑا کرنا ہے، یہ روکنے بیریئر لگانے ہیں، ملاقاتیں روکنے کی ذمہ داری ریاست کے کچھ حلقوں پر ہے، جنہوں نے اپریل میں فیصلہ کیا کہ ملاقاتیں نہیں ہونے دیں گے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق نہیں بلکہ منشا کے مطابق ملاقاتیوں کو آنے دیا جا رہا ہے، جسے وہ چاہیں گے وہی مل سکے گا، باقی سب کو روکا جا رہا ہے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یکجہتی کیلئے لوگ آتے ہیں، بہنوں کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے، ہزاروں لاکھوں اکاؤنٹس ہمارے کنٹرول میں نہیں، ہمیں ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کی بات پارٹی لائن نہیں بلکہ ذاتی مؤقف ہے، ہم کوئی سینسر بورڈ نہیں، اس لیے خان صاحب جو کہتے ہیں وہی باہر پہنچاتے ہیں۔ 

مقبول خبریں