امریکا کی مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا کی تصویر دکھا کر انہیں اپنی آنٹی بتاتے ہوئے بھیک مانگنے والے لڑکے کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوعمر لڑکا سڑک کنارے کھڑا ہے، اس کے ہاتھ میں ایک کپ ہے جس میں وہ ڈرائیوروں اور راہگیروں سے پیسے دینے کی اپیل کر رہا ہے۔ لڑکا دعویٰ کرتا ہے کہ وہ اپنی “بیمار آنٹی” کے علاج کے لیے چندہ جمع کر رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کے ہاتھ میں موجود تصویر کسی عام خاتون کی نہیں بلکہ عالمی شہرت یافتہ پاپ آئیکن لیڈی گاگا کی ہے جسے وہ بظاہر اپنی رشتہ دار ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وائرل تصویر میں لڑکا ایک گاڑی کی کھڑکی کے پاس کھڑا دکھائی دیتا ہے اور اس کی معصومیت یا چالاکی جو بھی ہو صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ تصویر میں لیڈی گاگا کا چہرہ واضح طور پر نظر آتا ہے جبکہ لڑکے کی اپیل اور اس کا اعتماد انٹرنیٹ صارفین کے لیے دلچسپی کا باعث بن گیا ہے۔
جیسے ہی یہ تصاویر وائرل ہوئیں، سوشل میڈیا پر تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کچھ صارفین نے لڑکے کی لاعلمی پر حیرت کا اظہار کیا جبکہ کچھ نے اسے ایک “چالاک لیکن مزاحیہ” طریقہ قرار دیا۔ کچھ صارفین نے مذاق میں کہا کہ اگر لیڈی گاگا کو یہ معلوم ہو جائے تو شاید وہ خود بھی حیران رہ جائیں۔
یہ غیر معمولی منظر انٹرنیٹ پر بحث کا موضوع بنا ہوا ہے، جہاں لوگ اس بات پر تقسیم ہیں کہ یہ معصومیت ہے چالاکی ہے یا محض انٹرنیٹ کے دور کی ایک عجیب مگر دلچسپ کہانی ہے۔