راولپنڈی:
راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آزاد پتن گراری پل کے قریب مسافر وین دریا میں جا گری، جس کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق چار زخمیوں اور تین لاشوں سمیت مجموعی طور پر 7 افراد نکالے جا چکے ہیں، زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ کرین کی مدد سے گاڑی کو نکالا جا رہا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ ہجیرہ آزاد کشمیر سے راولپنڈی جانے والی ٹیوٹا ہائی ایس 7599 ادریس نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ ہجیرہ سے کنڈیکڑ کے ہمراہ پانچ مسافروں کو سوار کرکے راولپنڈی کی جانب آرہی تھی کہ راستے میں 9 دیگر مسافر وین میں سوار ہوئے کہ آزاد پتن گراری پل کی قریب پہنچی تو گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے ساتھ گہرائی میں بہتے ہوئے دریا میں جا گری۔
عینی شاہدین کی مطابق دریا میں گاڑی کا بمشکل چھت کا ایک حصہ دکھائی دے رہا ہے جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو و عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت تین دیگر مسافر اور ایک کنڈیکٹر کسی نہ کسی طرح نکل آئے جو زخمی بتائے جاتے ہیں، کنڈیکڑ کی حالت شدید تشویشناک تھی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ریسکیو کی ایمرجنسی وہیکل سمیت 6 ایمبولینس گاڑیاں اور واٹر ٹیم سمیت 20 ریسکیورز سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
ادھر سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے سنگین حادثے کا نوٹس لیا اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس ایس پی آپریشن طارق محبوب کو فوری موقع پر پہنچے اور ریسکیو و ریلیف آپریشن میں حصہ لینے کی ہدایت جاری کی جس پر دونوں افسران فورس سمیت جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔