لاہور:
سرکاری سرپرستی میں میوزیکل نائٹ شو کے دوران اڈیالہ جیل کے قیدی 804 سے منسوب گانا گانے پر گلوکار فراز خان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
والڈ سٹی اتھارٹی کے زیر اہتمام شالیمار باغ میں میوزک اینڈ کلچرل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں قوال فراز خان و ہمنواؤں نے قوالی پیش کی۔
پروگرام کے دوران اڈیالہ جیل کے قیدی 804 سے منسوب گانا گانے پر قوال فراز خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
مقدمہ انچارج شالامار باغ ضمیر کی مدعیت میں تھانہ شالیمار میں درج کیا گیا جس میں تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات شامل ہیں۔
قوال فراز خان نے مؤقف اپنایا کہ انہوں نے فرمائش پر گانا گایا لیکن اسکے باوجود ان کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا۔
واضح رہے کہ شالیمار باغ میں ہونے والا پروگرام عوام کے لیے کھلا تھا، واقعے نے ثقافتی تقریبات کے ضابطوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں اور اظہارِ فن پر نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔
پولیس کے مطابق معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی، قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔