پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند سے متعلق پیش گوئی سامنے آ گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند اور عیدین (عیدالفطر و عیدالاضحیٰ) کی ممکنہ تاریخوں سے متعلق پیشگوئی سامنے آگئی ہے۔ اس حوالے سے رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے یکم رمضان، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے متوقع تاریخوں سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اندازے فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں۔
خالد اعجاز مفتی نے کہا کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے مطابق یکم رمضان المبارک 19 فروری (جمعرات کے روز) ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چاند کی پیدائش اور رویت کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ تاریخیں بتائی گئی ہیں، تاہم حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔
اسی طرح انہوں نے شوال کے چاند کے بارے میں بھی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ شوال کا چاند 20 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ (بروز ہفتہ) منائی جا سکتی ہے، تاہم اگر موسمی حالات سازگار رہے تو رویت کے امکانات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے عیدالاضحیٰ سے متعلق بھی ممکنہ تاریخوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم ذوالحجہ 17 مئی کو ہونے کا امکان ہے اور اس حساب سے عیدالاضحیٰ 27 مئی (بدھ کے روز) منائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام تاریخیں پیشگوئی پر مبنی ہیں اور اس حوالے سے حتمی و فیصلہ کن اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب ہی سے کیا جائے گا۔