کراچی: رکشے میں گولی لگنے سے طالبہ کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات مکمل

17 سالہ کومل لانڈھی میں دو جنوری کو چلتے رکشے میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی تھی


ساجد رؤف January 05, 2026

کراچی:

پولیس نے 2 جنوری کو لانڈھی میں رکشے میں سوار طالبہ کی گولی لگنے سے ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات مکمل کرلی۔

ایس ایس پی کورنگی کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رکشے میں سوار فرسٹ ایئر کی طالبہ کومل کولانڈھی نمبر6 میں فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے والے ڈاکو کی گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

 2 جنوری کو کورنگی میں فائرنگ سے رکشے میں سوارفرسٹ ایئرکی طالبہ کومل جاں بحق ہوگئی تھی، واقعے پر ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے ایس ڈی پی او لانڈھی فائزہ سوڈھر کی سربراہی میں  تحقیقاتی کمیٹی  تشکیل دی تھی جس نے اپنی تحقیقات مکمل کرکے گزشتہ روز رپورٹ ایس ایس پی کورنگی کو جمع کرادی۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رکشے میں سوار 17 سالہ کومل کو لانڈھی نمبر6 فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے والے ڈاکو کی گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی، ایس ڈی پی او لانڈھی ڈی ایس پی فائزہ سوڈھر نے ایکپسریس کو بتایا کہ کورنگی 6 میں ڈاکوؤں اورعوامی کالونی پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس میں ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتارکیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دوسرا ڈکیت شہری سے لوٹی ہوئی رقم اور لیپ ٹاپ کے ہمراہ  فرار ہو رہا تھا کہ لانڈھی نمبر 6 میں مخالف سڑک پرگشت پر آنے والی لانڈھی تھانے کی موبائل کو دیکھ کرفرار ہوتے ڈاکو نے فائرنگ کردی، مخالف سڑک پر لانڈھی تھانے کی موبائل کے آگے رکشہ چل رہا تھا، رکشے میں کومل اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ سوار تھی، فرار ہونے والے ڈاکو کی گولی رکشے کا شیشہ توڑتے ہوئے کومل کو لگی، فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش جاری ہے۔

ایس ڈی پی او فائزہ سوڈھر نے مزید بتایا کہ عوامی کالونی پولیس کے ہاتھوں زخمی حالت میں گرفتار کرنے والے ڈاکو مولا بخش ولد منیر خان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کے خلاف اقدام قتل، پولیس مقابلے، ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ کی دفعات کے تحت گارڈن، زمان ٹاؤن، گلستان جوہر، گلشن اقبال، گڈاپ سٹی، بن قاسم اور سکھن تھانے میں 10 سے زائد مقدمات بھی درج ہیں جن میں گرفتار ملزم پولیس کو مطلوب تھا۔

مقبول خبریں