نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی شوبز تقریبات بھی اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ شروع ہوگئی ہیں۔
2026 میں شوبز انڈسٹری کی رونقوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، نئے سال کی پہلی ہی تقریب نے فن و ثقافت کے دلدادہ حلقوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا۔
لاہور کے ایک مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہونے والی پروقار تقریب میں موسیقی، فلم اور شوبز کی نامور شخصیات ایک ہی چھت تلے جمع ہوئیں تو دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ گئے۔
شہنشاہ غزل استاد غلام علی کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے جبکہ شازیہ منظور، نشو بیگم، عارفہ صدیقی، میگھا، انور رفیع، استاد طافو، تنویر آفریدی، قنبر علی شاہ، رومیسہ اور دیگر ممتاز فنکاروں کی موجودگی نے اس ایونٹ کو یادگار بنادیا۔
یہ تقریب ای ایم آئی کے زیر اہتمام لاہور کے مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں ہوئی جس میں موسیقی کے عظیم معماروں اور مرحوم فنکاروں کی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا، ان فنکاروں میں نامور نغمہ نگار خواجہ پرویز، استاد طافو خان، ایم اشرف اور معروف شاعر جمیل الدین عالی شامل تھے۔

تقریب میں موسیقی کی محفل بھی سجی جہاں معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔ تنویر آفریدی، علشباہ جعفری اور شازیہ منظور کی پرفارمنس نے سامعین کو مسحور کردیا اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
تقریب کے دوران ان فنکاروں اور موسیقاروں کو خصوصی طور پر سراہا گیا جنہوں نے سالہا سال فن و ادب کی خدمت کی۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے ۔ فنکاروں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف فنکاروں کے حوصلے بلند کرتی ہیں بلکہ موسیقی اور ثقافت کے تسلسل کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔