کراچی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ایس بی سی اے کے افسران کو برطرف کرنے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں ایس بی سی اے کے 150 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کردیے گئے، وزیراعلیٰ کا بھی گرین سگنل


نعیم خانزادہ January 06, 2026

کراچی میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کو نوکریوں سے برطرف کئے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلی سندھ نے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کرنے والے عناصر کےخلاف سخت کارروائی کا گرین سگنل دیدیا۔

جس کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشن کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد افسران وملازمین کو دیئے گئے شوکاز نوٹس کے بعد ان کے جواب سے مطمئن نہ ہونے کی صورت میں محکمہ جاتی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایس بی سی اے کے ذرائع کے مطابق تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملوث افسران کو نوکریوں سے برطرف کئے جانے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں غیر قانونی تعمیرات کا سسٹم چلانے والے افسران کی شامت آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث اور ان کی سرپرستی کرنے والے افسران کو نوکریوں سے برطرف کئے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ کرنے والے افسران کیخلاف سخت کارروائی کا گرین سگنل دیدیا ہے جس کے بعد ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشن فرحان قیصر کی جانب سے ادارے کے ڈیڑھ سو سے زائد افسران وملازمین کو غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہونے کی شکایات پر شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افسران وملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کئے گئے ان کے جواب سے مطمئن نہ ہونے کی صورت میں ان افسران کیخلاف کارروائی کا سلسلہ بڑھاتے ہوئے مزید تحقیقات کے بعد ان افسران وملازمین کو نوکریوں سے برطرف کئے جانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ایس بی سی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فرحان قیصر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ایس بی سی اے کے حوالے سے جو منفی تاثر پیش کیا جاتا ہے اس کو ختم کرنے کیلئے ادارے میں احتساب کا عمل شروع کیا گیا ہے، ادارے کی رٹ کو پورے صوبے میں بحال کیا جارہا ہے اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات اٹھارہے ہیں۔

مقبول خبریں