لاہور:
پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد سیکشنز عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہے، جبکہ موٹروے ایم 3 جڑانوالہ سے رجانہ اور موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے ملتان تک بھی دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق ہزارہ موٹروے ای 35 پر کوہلیاں سے جھاری کس تک دھند کے باعث آمدورفت معطل ہے، جبکہ موٹروے ایم 14 ہکلہ سے فتح جھنگ تک بند کر دی گئی ہے۔
موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند میں لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔
ترجمان کے مطابق دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ ہوتا ہے۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔
کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔