انقرہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فونک گفتگو میں واضح طور پر آگاہ کیا ہے کہ وینزویلا کو صدر نکولس مادورو کی معزولی کے بعد عدم استحکام کی طرف نہیں دھکیلا جانا چاہیے۔
کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ ترکیے وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور موجودہ صورتحال میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں صدر نکولس مادورو اور وینزویلا کے عوام نے ترک قوم کے ساتھ دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
صدر اردوان نے خبردار کیا کہ ممالک کی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی عالمی سطح پر سنگین مسائل کو جنم دے سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اصولوں پر مبنی بین الاقوامی نظام کا تحفظ ناگزیر ہے اور تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مکالمے سے نکالا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ امریکی افواج نے ہفتے کے روز وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو کو حراست میں لے کر امریکا منتقل کیا تھا، جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
صدر مادورو نے پیر کے روز نیویارک کی ایک عدالت میں منشیات اسمگلنگ کے الزامات میں خود کو بے قصور قرار دیا ہے۔