اسلام آباد کو جدید شہر بنانے کا منصوبہ؛ وزیر داخلہ کا شنگھائی اربن پلاننگ ہیڈکوارٹر کا دورہ

وفاقی دارالحکومت کے لیے شنگھائی کی تیز ترین ترقی کے ماڈل سے استفادہ کریں گے، محسن نقوی


ویب ڈیسک January 06, 2026

اسلام آباد کو جدید شہر بنانے کے منصوبے کے تحت وزیر داخلہ محسن نقوی نے شنگھائی اربن پلاننگ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے شنگھائی کے شہری منصوبہ بندی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں شنگھائی اربن پلاننگ کی سربراہ چن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ کو شنگھائی شہر کی ماسٹر پلاننگ، ترقیاتی منصوبوں اور شہری سہولتوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی کو شنگھائی میں شہری سہولیات کے ساتھ تیز رفتار ترقی کے مربوط نظام سے آگاہ کیا گیا جب کہ ویڈیوز اور ماڈلز کے ذریعے شنگھائی کے ترقی کے سفر اور ماسٹر پلان کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی گئی۔ وزیر داخلہ نے شنگھائی کے جدید سہولتوں سے آراستہ اسٹیڈیم کا ماڈل بھی ملاحظہ کیا۔

محسن نقوی نے شنگھائی اربن پلاننگ کے تحت تمام معلومات کو جدید طرز پر یکجا کرنے کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اس نظام کی تعریف کی۔ انہوں نے شہر کے نظام کو مربوط اور فول پروف بنانے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شنگھائی شہر تیز ترین ترقی میں اپنی مثال آپ ہے اور شنگھائی کی ترقی ہر شہر کے لیے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بھی شنگھائی کی طرز پر ڈویلپ کرنا چاہتے ہیں۔ شنگھائی کی تیز رفتار ترقی سے استفادہ کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورے کے اختتام پر وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔

 

مقبول خبریں