راولپنڈی/
اسلام آباد:
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید دھند کے باعث موسم سرد ہوگیا، ایکسپریس ہائی وے سمیت مختلف شاہراہوں پر حدِ نگاہ شدید متاثر ہوگئی۔
شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اندرون شہر بھی دھند کا مکمل راج ہے، پہلی مرتبہ اندرون شہر مکمل دھند کی لپیٹ میں ہے۔ اندرون شہر صبح کے وقت گاڑیاں لائٹس آن کر کے چلتی رہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے اطراف بھی شدید دھند چھائی رہی، صبح 9 بجے تک بھی دھند رہی جس کے باعث دور تک کوئی چیز دکھائی نہیں دی۔ شدید دھند کے باعث ڈسٹرکٹ کچہری میں وکلاء، ججز اور سائلان بھی تاخیر سے پہنچے۔
شدید دھند کے باعث ججز بھی تاخیر کا شکار رہے، یخ بستہ سردی کی وجہ سے عدالتوں میں کیسز کی بروقت سماعت بھی شروع نا ہو سکی۔
جڑواں شہروں میں دھند کے ساتھ بادلوں کا بھی راج ہے، دھند اور چھائے بادلوں نے راولپنڈی کی قدیم ٹھنڈ کی یاد تازہ کر دی۔