وینزویلا کے صدر کی گرفتاری کے وقت پہنا ہوا نائیکی کا ٹریک سوٹ آؤٹ آف اسٹاک

متعدد آن لائن پلیٹ فارمز نے انکشاف کیا ہے کہ ٹریک سوٹس کی مانگ میں اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے


ویب ڈیسک January 06, 2026

گزشتہ دنوں امریکا کی جانب سے رات گئے وینزویلا پر حملہ کرکے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

بعد ازاں امریکی فوج کی جانب سے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں جن میں صدر مادورو کو نائیکی کا ٹریک سوٹ پہنے دیکھا جاسکتا ہے۔

تصاویر وائرل ہوتے ہی صدر مادورو کا پہنا جانے والا نائیکی کا ٹریک سوٹ مارکیٹ سے آؤٹ آف اسٹاک ہو گیا۔

متعدد آن لائن پلیٹ فارمز نے انکشاف کیا ہے کہ ٹریک سوٹس کی مانگ میں اچانک نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وینزویلا کے صدر کو ایک جہاز پر آنکھوں پر پٹی باندھے اور ہتھکڑیاں لگے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس تصویر میں نکولس مادورو نے سرمئی رنگ کا نائیکی کا ٹریک سوٹ پہن رکھا تھا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

یوں تو نکولس مادورو کی گرفتاری اور امریکی کارروائی پر وینزویلا سمیت عالمی سطح پر ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آیا، مگر ان کے لباس نے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر میمز اور ویڈیوز کی شکل میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کی۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

گوگل ٹرینڈز کے مطابق تصاویر کے منظرِ عام پر آنے کے فوراً بعد ’نائیک ٹک‘ کی سرچز میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ سرمئی ٹریک سوٹ کے اسکرین شاٹس اور لنکس تیزی سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلتے رہے۔

ریٹیلرز کے مطابق نکولس مادورو کا سرمئی نائیک ٹیک فلیس ٹریک سوٹ عموماً مارکیٹ اور ماڈل کے لحاظ سے 240 سے 270 امریکی ڈالر میں فروخت ہوتا ہے، تاہم تصاویر وائرل ہونے کے چند ہی گھنٹوں میں کئی آن لائن لسٹنگز اسٹاک ختم ہونے کے باعث دستیاب نہ رہیں۔

مقبول خبریں