پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں اشرف اپنی متنوع اداکاری کی بدولت پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے خدا اور محبت، رنگ محل، میرے داماد، انتقام، سلطنت، احسان فراموش، اب دیکھ خدا کیا کرتا ہے، اک تمنا لاحاصل سی اور مشکل جیسے کامیاب ڈراموں میں شاندار کام کیا۔
منفی کردار میں ’نقاب‘ ان کے کیریئر کا یادگار پراجیکٹ ثابت ہوا جبکہ حالیہ دنوں میں ’الزامِ عشق‘ میں ان کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
حال ہی میں ہمایوں اشرف مزاحیہ شو ہنسنا منع ہے میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ایک خوفناک موبائل اسنیچنگ کے واقعے کا ذکر کیا۔
ان کے مطابق اس طرح کے واقعات اچانک پیش آتے ہیں اور انسان بالکل غیر متوقع کیفیت میں ہوتا ہے۔
ہمایوں اشرف نے بتایا کہ واقعے سے کچھ دن پہلے ہی انہوں نے نیا اور مہنگا موبائل خریدا تھا کہ اچانک ایک اسنیچر نے اسلحہ دکھا کر موبائل مانگ لیا۔
ہمایوں کے مطابق انہوں نے مزاحمت کی جس کے دوران فائرنگ ہوئی اور اسنیچر فرار ہو گیا۔ بعدازاں انہیں احساس ہوا کہ انہیں چوٹ آئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قریبی افراد نے فوری مدد کی اور انہیں اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ان کا علاج شروع کیا گیا۔
ہمایوں اشرف نے کہا کہ یہ لمحہ نہایت مشکل تھا مگر اللہ کے فضل سے وہ محفوظ رہے۔