راولپنڈی:
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے بات چیت میں کہی۔ صحافی نے پوچھا کہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو عملی طور پر سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے، کیوں؟ اور نیا چیئرمین کون ہوگا؟
اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے بیرسٹر گوہر کو پارٹی چیئرمین ماننے سے انکار کردیا اور جواب دیا کہ پارٹی چیئرمین صرف عمران خان ہیں اور کوئی نہیں، ہمارے ساتھ جو الیکشن کمیشن کا رویہ ہے وہ جبر کے ضابطے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ قرآن خوانی ہمارے دین کا حصہ ہے، گندا پانی پھینکا جانا شرم کی بات ہے، ہم جابر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کلمہ حق کہتے رہیں گے، ہم تلاوت بھی کریں گے اور آزادی کا نعرہ بھی لگائیں گے۔
سلمان راجا نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے پانچ بڑوں کی بات ہے میں نے نہیں سنا ہے ان کو اس کی وضاحت کرنی چاہیے لیکن یہ طے ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بغیر کوئی مکالمہ آگے نہیں بڑھ سکتا یہ نہیں ہوسکتا دو چار پانچ لوگ بیٹھ جائیں اس کا نتیجہ صفر بٹا صفر ہوگا، جمہوریت کی بات کرنی ہے صحافت کی بات کرنی ہے انسانی حقوق کی بات کرنی ہے بانی کا اس میں شامل ہونا ضروری ہے ہم محاذ آرائی نہیں کررہے ہم اصول کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ 27ویں اور 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف کھڑے ہیں تاریخ انکا ساتھ دے گی، مذاکرات کی یہ پیشکش ہے بانی کو کال کوٹھری میں رہنے دو آؤ ہمارے ساتھ چائے پیو، بانی سے ملاقات کرائیں وہ جو بات کرینگے وہی بات حتمی ہوگی۔
سلمان راجا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی قربتیں بڑھنے کی بات قبل از وقت ہے، سندھ کے عوام سے ملنے کے لیے آسانی فراہم کرنا کوئی احسان نہیں، ہمارا بنیادی حق ہے اپنی بات کرنا مگر راستہ تو حکومت روک رہی ہے، ہمارا پہلا اور آخری مطالبہ بانی سے ملاقات ہے انہیں آپ کال کوٹھری میں نہیں ڈال سکتے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ ناکام نہیں ہوئی پاکستانی عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے، انگریز کے دور میں بھی ایسی فسطائیت نہیں تھی جو آج ہے، ہماری ایک ہی آواز ہے محمود خان اچکزئی بھی ہماری آواز کے ساتھ ہیں، بانی پی ٹی آئی کے بغیر کسی طرح کے مذاکرات کی کوئی اہمیت نہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ علیمہ خان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں پھر بھی تمام پارٹی رہنماء انہیں جواب دہ سمجھتے ہیں یہ کیا وجہ ہے؟
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کیا جواب دہ سمجھتے ہیں کس نے آپ کو کہا کہ جواب دہ ہیں؟ یہ سب بالکل غلط ہے۔
صحافی نے پوچھا کہ علیمہ خان نے کہا مذاکرات نہیں ہونے تو نہیں ہونے، اس پر سلمان راجا نے کہا کہ یہ ان کا نہیں خان صاحب کا حکم ہے۔