5 بڑوں میں مینڈیٹ صرف عمران کے پاس ہے، نواز و شہباز بااختیار نہیں، حکومت خیبرپختونخوا

پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں مضبوط ہے اور اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت سہیل آفریدی کر رہے ہیں، شفیع جان


ویب ڈیسک January 06, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

خیبرپختونخوا (کے پی) کی صوبائی حکومت کے ترجمان شفیع جان نے حکومت کو بے اختیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے 5 بڑوں میں مینڈیٹ صرف عمران خان کے پاس ہے جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف بااختیار نہیں ہیں۔

راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حکومت خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ مذاکرات کے لیے اعتماد کی فضا ضروری ہے، ذمہ داری حکومت پر زیادہ ہے، نواز شریف اور شہباز شریف با اختیار نہیں اور اسٹیبلشمنٹ کے تابع ہیں اور 5 بڑوں میں واحد حقیقی مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے، بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں پارٹی ایک مضبوط قوت ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی مذاکرات سے متعلق بیان مذاق کے مترادف ہے، احتجاج سے روکنے کے لیے 9 مئی کے مقدمات بطور دباؤ استعمال ہو رہے ہیں، 9 مئی کے کیسز ایک فالز فلیگ آپریشن ثابت ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 4 دسمبر کے بعد بانی پی ٹی آئی کی فیملی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، وکلا سے آخری ملاقات 16 اکتوبر کو ہوئی جو ان کا بنیادی حق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو کا فیصلہ عدالتی عمل پر سوالیہ نشان ہے، 59 صفحات کا فیصلہ جونیئر وکیل کے ذریعے سنا دینا تماشا ہے، مذاکرات کی بات تب کی جاتی ہے جب پی ٹی آئی کی تحریک مومنٹم پکڑتی ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت سہیل آفریدی کر رہے ہیں اور ان کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کی سرگرمیوں پر کرفیو جیسی صورت حال پیدا کی گئی ہے، لنڈا بازار میں دکانیں بند کر کے 80 افراد پر مقدمات بنائے گئے اور ہمیں آزادانہ سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں حکومت سندھ کا رویہ خوش آئند ہے، سندھ میں آئینی اور قانونی حق کے تحت سیاسی سرگرمیاں کریں گے، اسٹریٹ موومنٹ ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

مقبول خبریں