ملکی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم، کراچی میں اسکواش کے عالمی ایونٹ کا آغاز ہوگیا

مجموعی طور پر2 لاکھ 42 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم  کا پی ایس اے کا گولڈ ایونٹ 11 جنوری تک کھیلا جائے گا


زبیر نذیر خان January 06, 2026

پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم کا کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ2026 منگل سے ڈی اے کریک کلب میں شروع ہوگیا، وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے سابق قومی چیمپین ناصر اقبال نے عالمی نمبر 45 مصطفی السترے کو ہرا کر اپ سیٹ کردیا،عالمی انڈر 23 چیمپین نور زمان 20 سخت مقابلے کے بعد کامیاب ہو گئے، وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے طیب اسلم اور دونوں پاکستانی خواتین کھلاڑی شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں، مجموعی طور پر2 لاکھ 42 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم  کا پی ایس اے کا گولڈ ایونٹ 11 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے تحت کراچی  اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کا آغاز دلچسپ انداز میں ہوا، سابق قومی چیمپین ناصر اقبال نے مصری کھلاڑی مصطفیٰ السرتے کو2-3 سے اپ سیٹ شکست دے دی،پہلے دو گیمز 11-5 اور 11-8 سے ہارنے کے بعد ناصر اقبال نے اگلے تینوں گیمز جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

ناصر اقبال نے تیسرا گیم 5-11،چوتھا گیم 9-11 اور پانچواں گیم 9-11 سے جیتا،عالمی نمبر 38 اور عالمی انڈر 23 چیمپین نور زمان نے ایک سخت مقابلے کے بعد فرانس کے عالمی نمبر 52 میلویل کو 2-3 سے زیر کر لیا،نور زمان نے پہلا گیم 9-11 سے جیتا،اگلے دونوں گیمز 12-10 اور11-3 سے ہارنے کے بعد نور زمان  نے چوتھا گیم 6-11 سے جیت کر مقابلہ 2-2 کردیا،پانچویں اور فیصلہ کن میں گیم نوزماں نے 6-11 سے کامیابی پالی،پاکستان کے عالمی نمبر 47  اشعب عرفان نے جاپان کے رینو سوکی سیٹووکی کو0-3 سے زیر کیا۔

وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے دوسرے پاکستانی طیب اسلم کو اسپین کے عالمی نمبر 34 ایکر پجاریز نے بآسانی 0-3 سے ہرا دیا، مصر کے عالمی نمبر 35 یحییٰ نواسنے نے امریکہ کے عالمی نمبر 66 شاہجہاں خان،فرانس کے عالمی نمبر 64 توفیق میخالفی نے عالمی نمبر 42 ہانگ کانگ کے ہنرلیونگ کو شکست دے دی۔

ویمن ایونٹ میں وائلڈ کارڈ انٹری پانے والی پاکستان کی سماعت اور قوت گویائی سے محروم ثنا بہادر کو عالمی نمبر 35 مصر کی مریم میٹو والے نے0-3 سے شکست دے دی۔

دوسری پاکستانی خاتون کھلاڑی مریم ملک بھی ہانگ کانگ کی عالمی نمبر 34 سن یوک جان سے 0-3 سےہار گئیں،عالمی نمبر 46 مصر کی امینہ الریحانے  نے عالمی نمبر 54 فرانس کی میری اسٹیفن، عالمی نمبر51 مصر کی حیا علی نے ہم وطن عالمی نمبر 44 نورالہیکل، عالمی نمبر 48 مصر کی نادین شاہین نے ہم وطن عالمی نمبر 61 حبیبہ ہانی،عالمی نمبر 42  انگلینڈ کی ٹوری ملک نے عالمی نمبر 52 مصر کی میناحمید، عالمی نمبر 41 مصر کی نورین ابو المکرم نے ملائشیا کی عالمی نمبر 58 اینا ایمانی کو ہرا دیا۔

6 روزہ ٹورنامنٹ کے مینز اور ویمن ایونٹ کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار 5سوڈالر کی مساوی رقم رکھی گئی ہے،دونوں ایونٹس میں پہلے ٹاپ 8،8کھلاڑیوں  بائی ملنے کی بدولت براہ راست دوسرے راؤنڈ میں جگہ مل گئی ہے، مینز ایونٹ میں عالمی نمبر4مصر کے کریم جواد ٹاپ سیڈ  اور ان کے ہم وطن عالمی نمبر 7 مروان الشورباگے سیڈ2 کھلاڑی ہیں، ویمن ایونٹ میں مصر کی عالمی نمبر 3 امینہ عرفی ٹاپ سیڈ اور ملائشیا کی سیواما سانگری سیڈ2ہیں۔

مقبول خبریں