انڈر 19 کرکٹر سمیر منہاس نے تیز ترین سنچری بنالی، بھارت کا عالمی ریکارڈ چکناچور

سمیر منہاس نے محض 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری قرار پائی


ویب ڈیسک January 06, 2026

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے یوتھ ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

منگل کو ہرارے میں پاکستان انڈر 19 اور میزبان زمبابوے انڈر 19 کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری قرار پائی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ سمیر منہاس نے اس ریکارڈ کو دس گیندیں پہلے توڑ کر نیا عالمی سنگِ میل قائم کر دیا۔

فائنل میں سمیر منہاس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 51 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے زمبابوے انڈر 19 کا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔

سمیر منہاس کی اس یادگار کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان انڈر 19 نے ون ڈے ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی جبکہ نوجوان اوپنر کی اننگز کو یوتھ کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

 

مقبول خبریں