قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز تمام کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ہے جبکہ ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا میں کھیلنا پاکستان ٹیم کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ قومی اسکواڈ میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شامل ہیں اور ٹیم مینجمنٹ کی کوشش ہوگی کہ انہیں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔قومی کپتان نے مزید کہا کہ ایسی سیریز سے نہ صرف ٹیم کمبی نیشن آزمانے میں مدد ملتی ہے بلکہ بڑے ایونٹس سے قبل کھلاڑیوں کا اعتماد بھی بڑھتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز بدھ سے ہوگا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔