پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی شدید دھند چھائی رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔
پشاور شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں حدِ نگاہ صفر تک ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
شیرگڑھ کے علاقوں جلالہ، ہاتھیان اور لوندخوڑ سمیت مضافات گزشتہ دو دنوں سے شدید دھند اور سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے عوام سے غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔ اسی طرح رستم اور گردونواح میں بھی دوسرے روز دھند کا راج رہا۔
پشاور کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، صوابی اور دیگر میدانی علاقوں میں بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہی، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست ہوگئی۔
دھند کے باعث پشاور ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ 50 میٹر تک محدود ہوگئی، جس کے نتیجے میں متعدد ملکی و غیر ملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں یا متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کر دی گئیں۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق دوحہ سے پشاور آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز QR-600 اور پشاور سے دوحہ جانے والی پرواز QR-601 شدید تاخیر کا شکار رہیں۔
شارجہ سے پشاور آنے والی ایئر عربیہ کی پرواز G9554 اور پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز G9555 بھی خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہوئیں۔
اسی طرح راس الخیمہ سے آنے والی پرواز G9864 اور وہاں روانہ ہونے والی پرواز G9865 متاثر ہوئیں۔ ابوظہبی سے پشاور آنے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز EY-276 اور پشاور سے ابوظہبی جانے والی پرواز EY-277 میں بھی تاخیر رپورٹ کی گئی۔ فلائی اڈیل کی پشاور آنے والی پرواز دھند کے باعث اسلام آباد منتقل کر دی گئی۔
پی اے اے نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین صورتحال کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔ ترجمان کے مطابق دن ساڑھے 11 بجے تک حدِ نگاہ ناقص رہنے کا امکان ہے۔