مغربی کنارے میں یونیورسٹی پر اسرائیلی فائرنگ، 5 فلسطینی طلبہ زخمی

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیاں صبح کے وقت یونیورسٹی کیمپس میں داخل ہوئیں، جس کے بعد فائرنگ کی گئی


ویب ڈیسک January 07, 2026

رام اللہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کم از کم پانچ فلسطینی طلبہ زخمی ہو گئے۔

فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق یہ واقعہ بیرزیت یونیورسٹی کے کیمپس میں پیش آیا، جو رام اللہ کے قریب واقع ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑیاں صبح کے وقت یونیورسٹی کیمپس میں داخل ہوئیں، جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ نے فوجیوں کی آمد پر احتجاج کیا اور پتھراؤ بھی ہوا، تاہم کسی اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

فلسطینی ہلالِ احمر کے مطابق مجموعی طور پر 11 طلبہ متاثر ہوئے، جن میں سے پانچ براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ دو طلبہ آنسو گیس کے باعث بے ہوش ہو کر گرنے سے زخمی ہوئے۔ کئی زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق تو کی ہے مگر کیمپس میں داخل ہونے اور فائرنگ کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔ فوج کا کہنا ہے کہ واقعے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

بیرزیت یونیورسٹی کے صدر طلال شاہوان نے کہا کہ یونیورسٹی اور اس کے طلبہ اکثر اسرائیلی کارروائیوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں، مگر اس بار کیمپس کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کرنا تمام حدود عبور کرنے کے مترادف ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 میں جنگ کے آغاز کے بعد سے مغربی کنارا بھی مسلسل اسرائیلی فوجی کارروائیوں کی زد میں ہے، جہاں فلسطینیوں کی ہلاکتوں، گرفتاریوں اور املاک کی تباہی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

مقبول خبریں