کیوبا اور وینزویلا نے گزشتہ ہفتے ہونے والی امریکی فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والے اپنے فوجی اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک نے مجموعی طور پر 55 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق کیوبا کی حکومت نے 32 فوجی اہلکاروں کے نام جاری کیے ہیں، جو کراکس میں ہونے والی امریکی کارروائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق ان میں 21 اہلکار وزارت داخلہ سے تعلق رکھتے تھے، جن میں تین سینئر افسران شامل تھے، جبکہ باقی اہلکار انقلابی مسلح افواج کا حصہ تھے۔
دوسری جانب وینزویلا کی فوج نے 23 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔ ان میں پانچ ایڈمرل، مختلف رینک کے 16 سارجنٹس اور دو دیگر فوجی شامل ہیں۔
وینزویلا کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ اہلکار شدید فائرنگ اور جھڑپوں کے دوران ہلاک ہوئے۔
ایک امریکی اخبار کے مطابق امریکی حکام کا اندازہ ہے کہ اس کارروائی کے دوران مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 75 کے قریب ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جھڑپیں کراکس میں صدر نکولس مادورو کے کمپاؤنڈ کے قریب ہوئیں جہاں شدید لڑائی دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ امریکا نے ہفتے کے روز وینزویلا میں فوجی کارروائی کی تھی، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو صدارتی محل سے گرفتار کر کے امریکا منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی سے متعلق مقدمات چلائے جائیں گے۔