پنجاب میں محنت کشوں کیلیے بڑی سہولت، ورکرز ویلفیئر گرانٹس کا مکمل آن لائن نظام متعارف

اس اقدام کے بعد گرانٹس کی ادائیگیاں براہ راست محنت کشوں کے بینک اکاؤنٹس میں ہوگی


ویب ڈیسک January 07, 2026

لاہور:

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں محنت کشوں کے لیے تاریخی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ اب ورکرز ویلفیئر گرانٹس کا مینول نظام مکمل طور پر ختم کر کے میرج، ڈیتھ اور اسکالرشپ گرانٹس کے لیے جدید آن لائن نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر لیبر محمد منشاء اللہ بٹ نے ڈائریکٹ کریڈٹ سسٹم کا باضابطہ افتتاح کیا اور ون کلک کے ذریعے محنت کشوں کے بینک اکاؤنٹس میں گرانٹس کی ادائیگیاں بھی کیں۔ اس اقدام کے بعد گرانٹس کی ادائیگیاں براہ راست محنت کشوں کے بینک اکاؤنٹس میں ہوگی، جس سے چیک سسٹم کا خاتمہ، شفافیت اور تیز ادائیگی ممکن ہو گی۔

صوبائی وزیر لیبر کے مطابق، آن لائن نظام کے نفاذ کے بعد محنت کش دفاتر کے چکر اور مڈل مین سے آزاد ہو جائیں گے اور ادائیگیوں میں تاخیر یا شکایات کا خاتمہ ہوگا۔ سابقہ چیک سسٹم کے تحت محنت کشوں کو گرانٹس کی ادائیگی کے لیے تین ماہ سے زیادہ انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن نئے نظام سے گرانٹس کی ادائیگیاں برق رفتاری سے ممکن ہوں گی۔

اس موقع پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز مجتبی بھراونہ نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محنت کشوں اور ان کے اہلِ خانہ نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ادارہ جاتی اصلاحات جاری ہیں اور محنت کشوں کی فلاح حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ نئے آن لائن نظام کے تحت گرانٹس میرٹ اور شفافیت کے ساتھ فراہم کی جائیں گی، جس سے پاکستان میں محنت کشوں کے حقوق اور سہولیات میں ایک نیا معیار قائم ہوگا۔

مقبول خبریں