وزیر داخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب وانگ ژاو ہونگ سے ساڑھے تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی سے متعلق مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چین کی وزارت پبلک سیکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر آمد ہوئی۔ چینی وزیر داخلہ وانگ ژاو ہونگ نے وفد کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
انسداد دہشت گردی، پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی ہر 3 ماہ بعد میٹنگ پر اتفاق ہوا جس کے تحت وزرائے داخلہ کی سطح پر ہر سال ایک بار ملاقات ہوگی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
چینی وزیر داخلہ نے چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیر داخلہ نے انسداد دہشت گردی اور داخلی سیکیورٹی سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
چینی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف مشترکہ و فوری ردعمل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اس کے ساتھ پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسلام آباد اور بیجنگ سسٹر سٹیز کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں وزراء کے درمیان پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی تربیت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربیت کے ذریعے دونوں ممالک کی پولیس اور اداروں کے درمیان تجربات اور معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ وزیر داخلہ نے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں اور مشترکہ مفادات کے منصوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے ہر سطح پر مضبوط اقدامات کیے ہیں۔ چائینز کی سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد میں خصوصی پروٹیکشن یونٹ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے چینی تعاون کا خیر مقدم کریں گے، نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چینی اداروں کی معاونت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چینی اے آئی بیسڈ ٹیکنالوجی سے بہت مدد مل سکتی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اشتراک کا انمٹ رشتہ ہے اور کوئی اس میں دراڑ نہیں ڈال سکتا، سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے پائیدار تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے چینی صدر اور وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
چینی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والی گلوبل سیکیورٹی تعاون فورم میں شرکت کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک پارنٹر ہیں، 2026 کے آغاز میں پاکستانی وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے انتہائی مسرت ہوئی ہے۔ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر دوطرفہ اشتراک کار بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔
چینی وزیر داخلہ نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
چین کے نائب وزیر داخلہ سو ڈیٹونگ، نائب وزیر یو شیوہو، بیجنگ کے ڈپٹی میئر و بیجنگ پبلک سیکیورٹی بیورو کے ڈی جی کن یونبیاؤ۔ وزارت پبلک سیکیورٹی جنرل آفس کے ڈی جی گو کان، انسداد دہشت گردی محکمے کے ڈی جی گاو کیو اور بین الاقوامی تعاون محکمے کے ڈی جی وانگ یونگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، ڈی جی نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس، ڈی جی نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی سید خرم علی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔