کراچی:
کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی انگلینڈ کی اسکواش اسٹار ٹوری ملک کراچی میں مداحوں کی محبتوں کا مرکز بن گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیفنس اتھارٹی کریک کلب کے آصف نواز اسکواش کمپلیکس میں ٹوری ملک مداحوں میں گھل مل گئیں، ٹوری ملک ایک ننھی بچی کو گود میں اٹھاکر اس کے ساتھ کھیلتے ہوئے پاکستانی خواتین کے ساتھ خوش گپیاں کرتی رہیں۔
21 سالہ ٹوری ملک کے والد کامران ملک پاکستان نژاد برطانوی شہری ہیں جبکہ ان کی والدہ سوزن ملک کا تعلق انگلینڈ سے ہے، عالمی اسکواش میں ملک فیملی کے نام سے مشہور اس گھرانے کے دیگر بچے بھی اسکواش کھیلتے ہیں۔
2019ء میں 15 برس کی عمر میں پروفیشنل اسکواش کھلاڑی بن جانے والی ٹوری ملک اب تک 18 انٹرنیشنل مقابلوں کے فائنل میں رسائی پا چکی ہیں جبکہ وہ 9 ٹائٹلز جیت چکی ہیں۔
ٹوری نے کراچی کے معتدل موسم اور یہاں کی روایتی میزبانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے، والد کی وجہ سے میرا پاکستان سے گہرا تعلق ہے، مجھے پاکستان آکر ہمیشہ یہ محسوس ہوتا ہے جیسے میں اپنے گھر میں ہوں، کراچی کے لوگ بہت پیار کرنے والے ہیں اور یہاں ملنے والی پذیرائی پر انہیں بہت مسرت ہوتی ہے۔
عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کا خواب دیکھنے والی ٹوری ملک کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل محنت کرتے ہوئے بھرپورعزم اور جذبے کے ساتھ مستقبل میں کامیابیوں کے حوالے سے بہت پُرامید ہیں۔