چوری کی ناکام واردات، دیوار میں پھنسے چور کو پولیس نے نجات دلائی

چور کا آدھا جسم گھر کے اندر اور آدھا باہر لٹکا ہوا تھا


ویب ڈیسک January 07, 2026

بھارت میں چوری کی ایک ناکام واردات نے اس وقت دلچسپ رخ اختیار کرلیا جب ایک مبینہ چور گھر میں داخل ہوتے ہوئے کچن کے ایگزاسٹ سوراخ میں بری طرح پھنس گیا۔

اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے دیکھ کر صارفین حیرت اور مزاحیہ تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان میں پیش آیا، جہاں ایک شخص چوری کی نیت سے سبھاش کمار راوت کے گھر میں داخل ہوا۔ واردات کے دوران وہ باورچی خانے کے ایگزاسٹ پنکھے کے شافٹ میں اس طرح اٹک گیا کہ تقریباً ایک گھنٹے تک اسی حالت میں لٹکا رہا۔

واقعے کے وقت گھر کے مالک سبھاش کمار راوت کھاٹوشیام جی گئے ہوئے تھے۔ اگلے دن دوپہر کے قریب جب ان کی اہلیہ گھر واپس آئیں اور مین گیٹ کا تالا کھولا تو کچن کی جانب نظر پڑتے ہی وہ حیران رہ گئیں۔ ان کے سامنے ایک شخص ایگزاسٹ کے لیے بنائے گئے سوراخ میں پھنسا ہوا تھا، جس کا آدھا جسم گھر کے اندر اور آدھا باہر کی جانب تھا۔

پولیس کے مطابق دو ملزمان چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے۔ شور سنائی دینے پر ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی بدقسمتی سے ایگزاسٹ میں پھنس کر رہ گیا۔

پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر پھنسے ہوئے ملزم کو نکال کر حراست میں لے لیا، جبکہ فرار ہونے والے شخص کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جائے گا تاکہ مزید قانونی کارروائی کی جا سکے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر بھی خوب زیرِ بحث ہے، جہاں صارفین اسے چوری کی ناکام کوشش کی ایک انوکھی مثال قرار دے رہے ہیں۔

مقبول خبریں