گھڑ سواری کے شعبے میں پاکستان کا نام ایک بار پھر دنیا بھر میں روشن ہوگیا، پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان نے عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی۔
انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کی جانب سے مڈل ایسٹ اور افریقا زون کی ایونٹنگ رینکنگ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق عثمان خان ایک بار پھر اس زون میں نمبر ون گھڑ سوار قرار پائے ہیں۔ یہ کامیابی نہ صرف عثمان خان کی مسلسل محنت اور مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی گھڑ سواری کے معیار کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
ایف ای آئی کی ایونٹنگ رینکنگ میں دنیا بھر کو چھ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ انہی زونز کی رینکنگ کی بنیاد پر بین الاقوامی چیمپئن شپ کی مجموعی درجہ بندی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ مڈل ایسٹ اور افریقا زون میں سرفہرست رہنا عالمی مقابلوں میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عثمان خان اس سے قبل بھی 2019 سے 2021 کے دوران مسلسل نمبر ون پوزیشن پر رہ چکے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ٹاپ رینکنگ حاصل کرکے انہوں نے اپنی برتری کو ثابت کر دیا۔ ان کی اس کامیابی پر کھیلوں کے حلقوں اور شائقین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔