تھرکول منصوبےکی پیشرفت رپورٹ، تکمیل سے بندرگاہ تک کوئلے کی رسائی آسان ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ

پروجیکٹ کا مقصد کوئلے کی مؤثر نقل و حمل سے پاکستان میں توانائی کی حفاظت کو تقویت دینا ہے، مراد علی شاہ


ویب ڈیسک January 07, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تھرکول منصوبے کی پیش رفت رپورت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے بن قاسم پورٹ تک 9 کلو میٹر ٹریک کی توسیع  سے بندرگاہ تک کوئلے  کی رسائی آسان ہوگی، یہ منصوبہ 90 بلین روپے کی  لاگت کا ہے اور حکومت سندھ اب تک  6.61 بلین روپے ادا کرچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو تھرکول منصوبے  کی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی اور ان کی ہدایت پر صوبائی سیکریٹری توانائی اور کمشنر میرپورخا ص نے عمرکوٹ (چھور) کا دورہ کیا اور ٹیم نے تھر کے کوئلے کی کانوں کو بن قاسم سے ملانے والی 105 کلومیٹر طویل ریلوے لائن پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم پروجیکٹ ہے، جس کا مقصد کوئلے کی مؤثر نقل و حمل سے پاکستان میں توانائی کی حفاظت کو تقویت دینا ہے، منصوبے کی تکمیل سے بن قاسم پورٹ تک 9 کلو میٹر ٹریک کی توسیع  سے بندرگاہ تک کوئلے کی رسائی آسان ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن کے قیام سے تھر کے کوئلے کی کانوں کو قومی ریلوے نیٹ ورک اور پورٹ قاسم کے ساتھ مربوط کیا جائے گا، اس طرح بنا کسی رکاوٹ کے کوئلے کی نقل و حمل ممکن ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ منصوبے پر سندھ اور وفاقی حکومتیں 50،50 فیصد فنڈز فراہم کریں گی، منصوبہ 90 بلین روپے کی  لاگت کا ہے جبکہ حکومت سندھ اب تک 6.61 بلین روپے ادا کرچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے  پاکستان ریلوے اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے مضبوط تعاون کو سراہا۔

سیکریٹری توانائی نے کام کی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بروقت تکمیل کے لیے اسٹیک ہولڈرز  اور مائننگ اینڈ پاور کمپنیوں کا تعاون ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ جتنی جلد مکمل ہوگا اس کے ثمر ات سے پورا ملک فیضیاب ہوگا۔

مقبول خبریں