پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج ہو گی، 10 خریداروں کے نام سامنے آگئے

 نیلامی کا عمل پی سی بی اور پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینلز، ٹیپ میڈ، تماشا اور پی سی بی لائیو پر دکھایا جائے گا


ویب ڈیسک January 07, 2026

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں توسیع کے سلسلے میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی جس کا باقاعدہ آغاز شام 4 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار لیگ میں دو نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں جس کے بعد پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔

نیلامی کا عمل براہِ راست پی سی بی اور پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینلز، ٹیپ میڈ، تماشا اور پی سی بی لائیو (یوکے) پر دکھایا جائے گا جبکہ اے اسپورٹس، جیو اسپورٹس، فاسٹ اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس بھی نیلامی کو براہِ راست نشر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نئی ٹیموں کے حصول کے لیے 10 معروف کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ نیلامی میں ایم نیکسٹ، ڈہرکی شوگر ملز، ایف کے ایس، پرزم ڈیولپرز، انوریکس سولر، جاز، آئی ٹو سی (i2c)، ولی ٹیکنالوجیز، ویگو ٹیل اور اوزی ڈویلپرز حصہ لیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ نئی فرنچائزز کے ممکنہ شہروں میں فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ شامل ہیں، تاہم حتمی فیصلہ نیلامی کے بعد کیا جائے گا۔ پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک شیڈول ہے۔

نیلامی کے بعد ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان خصوصی پرفارمنس پیش کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیموں کو بھی انعامات دیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل نیلامی ایونٹ کا آفیشل ہیش ٹیگ #NewEra رکھا گیا ہے جو لیگ کے نئے دور اور توسیع کی عکاسی کرتا ہے۔

مقبول خبریں